وفاقی حکومت نے حافظ سعید کو بھارت کو خوش کرنے کے لئے نظر بند کیا۔ میاں محمود الرشید
لاہور (صباح نیوز)پنجاب اسمبلی قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ جمعت الدعوۃ کے امیر حافظ سعید کی بھارت کو خوش کرنے کے لئے نظر بند کیا گیا۔ وفاقی حکومت بتائے کہ حافظ سعید نے کیا جرم کیا ہے ۔ اس امر کا اظہار انہوں نے پنجاب اسمبلی میں نکتہ اعتراض اور اسمبلی احاطہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سپیکر رانا محمد اقبال نے کہا کہ حافظ سعید ہم سب کے لئے قابل احترام ہیں لیکن یہ معاملہ وفاقی حکومت سے متعلق ہے تا ہم انہوں نے کہا کہ وزیر قانون راناثناء اللہ خان کے ایوان میں آنے پر ان سے اس بارے پوچھیں گے ۔ میاں محمود ارشید نے کہا کہ حافظ سعید بھارتی جارحیت اور جہاد کی بات کرتے ہیں ۔ ان کا ادارہ فلاح انسانات لاکھوں پاکستانیوں کی مدد کر رہا ہے جبکہ وہ ان کے ادارے دینی تعلیم بھی دے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت حافظ سعید اور ان کے رفقاء کا جرم بتائے ورنہ حکومت کے اس اقدام کو بھارت کے سامنے حکومت کی پسپائی سمجھا جائے گا۔ حافظ سعید کی نظر بندی کے ذریعے ایک مسئلہ کشمیر پر ایک صحت مند اور توانا آواز کو بند کرنے کی کوشش کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پانچ فروری کے قریب اس اقدام سے کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کو نقصان پہنچے گا ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عوام کو سستی سفری سہولت پہنچانے والی کمپنی پرترک کمپنی کو فائدہ پہنچانے کے لئے پابندی لگائی گئی ہے ۔