اسحاق ڈار کے خلاف نیب ریفرنس کیس کی سماعت میں دو گواہان نے بیانات قلمبند کرادیئے
اسلام آباد اسحاق ڈار کے خلاف نیب ریفرنس کیس کی سماعت جج محمد بشیر نے کی۔ استغاثہ کی گواہ سدرہ منصور نے بیان قلمبند کرایا۔ استغاثہ کے گواہ سلمان سعید نے بتایا کہ پندرہ اگست دوہزار سترہ کو نیب کا سمن وصول ہوا۔تئیس اگست دوہزار سترہ کو نیب کے تفتیشی افسر کے سامنے پیش ہو کے بیان قلمبند کروایا۔ اسحاق ڈار کے حوالے سے مختلف کمپنیوں کا تصدیق شدہ ریکارڈ نیب حکام کو جمع کروایا۔ ہجویری ہولڈنگ پرائیویٹ لیمٹڈ ، ہجویری مادربہ مینجمنٹ، کورکیمیکل پرائیویٹ لمیٹڈ، اسپنسر فارمہ پرئیوایٹ لیمٹڈ، اسپنسر ڈسٹریبیوشن کا ریکارڈ بھی عدالت میں پیش کردیا گیا۔ نیب پراسکیوٹر نے عدالت سے استدعا کی کہ واجد ضیاء کو سمن جاری کر دیں۔ جج نے استفسار کیا کہ کیا واجد ضیا آپ کے کہنے پر نہیں آتے۔ سمن کیوں جاری کریں آپ کے گواہ ہیں آپ انہیں خود لے آئیں۔ اگر واجد ضیا آپ کے کہنے پر نہ آئے تو پھر سمن جاری کریں گے۔ کیس کی سماعت آٹھ فروری تک ملتوی کردی گئی۔ آئندہ سماعت پر استغاثہ کے گواہ واجد ضیاء اور نیب تفتیشی نادر عباس بیان ریکارڈ کرائیں گے