اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کمزور اور غریب طبقے کا تحفظ ہر صورت ممکن بنایا جائے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں امن وامان کی صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں آئی جی اسلام آباد نے امن و امان کی مجموعی صورت حال پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ جرائم کی روک تھام میں پولیس نے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ سال 2019 میں سنگین جرائم کی شرح میں 18 فیصد کمی آئی۔ وزیراعظم نے اسلام آباد میں امن وامان کی صورت حال میں بہتری کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد ہر لحاظ سے ایک ماڈل سٹی ہونا چاہیے۔ وزیراعظم عمران خان نے کمزور طبقے کے تحفظ کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کمزور اور غریب طبقے کا تحفظ ہر صورت ممکن بنایا جائے۔ انہوں نے جرائم پیشہ عناصر، قبضہ مافیا کے گرد مزید گھیرا تنگ کرنے کی ہدایت کر دی۔