ہاشم آملہ پشاور زلمی کے بیٹنگ مینٹور بن گئے
پاکستان سپر لیگ سیزن فائیو کیلئے جنوبی افریقہ کے مایہ ناز بلے باز ہاشم آملہ پشاور زلمی سے منسلک ہوگئے۔ہاشم آملہ نے بطور بیٹنگ مینٹور زلمی کے ساتھ معاہدہ کیا۔ پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے سوشل میڈیا پر پیغام جاری کرتے ہوئے بتایا کہ جنوبی افریقا کے سٹار بیٹسمین ہاشم آملہ دنیائے کرکٹ کا بڑا نام ہے، انہیں زلمی فیملی میں خوش آمدید کہتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ہاشم آملہ پی ایس ایل فائیو میں پشاور زلمی کے بیٹنگ مینٹور ہوں گے۔جاوید آفریدی نے کہا کہ ان کی ڈگ آؤٹ میں موجودگی سے نئے ٹیلنٹ کو بہت فائدہ ہو گا اور کھلاڑیوں کو بیٹنگ کے گر سیکھنے کو ملیں گے۔ پشاور زلمی کے ہیڈکوچ اور ڈائریکٹر کرکٹ محمد اکرم نے کہا کہ ہاشم آملہ کا پشاور زلمی سے منسلک ہونا باعث خوشی ہے، پشاور زلمی ہر سال پی ایس ایل میں نوجوان کرکٹرز کو بڑے کرکٹ لیجنڈز کے ساتھ وقت گزارنے کا موقع فراہم کرتا ہے، ہاشم آملہ موجودگی سے جہاں بیٹسمینوں کو فائدہ ہوگا وہیں ہمارے نوجوان کرکٹرز کو بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملے گا۔ واضح رہے کہ ہاشم آملہ نے 124 ٹیسٹ، 181 ون ڈے اور 44 ٹی ٹوئنٹی میچز میں جنوبی افریقا کی نمائندگی کی۔ ہاشم آملہ پاکستان سپر لیگ کے پلیئرز ڈرافٹ میں بطور پلاٹینئم پلیئر بھی رجسٹرڈ ہوئے تھے تاہم ڈرافٹ میں کسی ٹیم نے انہیں منتخب نہیں کیا۔