پاکستان افریقی ممالک کیساتھ اپنے تعلقات کوانتہائی اہمیت دیتا ہے: شاہ محمودقریشی
پاکستان اورکینیا نے سفارتکاروں کی تربیت میں تعاون سے متعلق مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔مفاہمت کی یادداشت دونوں ملکوں کی فارن سروس اکیڈیمیوں سے متعلق ہے جس پر وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی اورکینیا کے وزیرخارجہ Raychelle Omamo نے نیروبی میں دستخط کئے۔اس سے پاکستان اورکینیا کے سفارتکاروں کو جدیدعملی تربیت کے بارے میں ا یک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانے کاموقع ملے گا۔افریقی ممالک کے کئی سفارتکارپاکستان کی فارن سروس اکیڈیمی سے عملی تربیت حاصل کرچکے ہیں۔دونوں وزرائے خارجہ نے مفاہمت کی یادداشت پردستخطوں کودوطرفہ تعلقات کے فروغ میں اہم قدم قراردیا۔ دھرنیروبی میں اپنے کینیاکے ہم منصب Raychelle Omamo سے معاونین کے بغیر ملاقات میں وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہاکہ پاکستان مغربی افریقہ کے دروازے کینیاسمیت تمام افریقی ممالک کیساتھ اپنے تعلقات کوانتہائی اہمیت دیتا ہے۔ وزیرخارجہ نے اپنے کینیا کے ہم منصب کوانگیج افریقہ منصوبے کے اہم نکات کے بارے میں بتایا۔انہوں نے کہاکہ چین کے بعدکینیاپاکستانی مصنوعات کی سب سے بڑی منڈی ہے۔وزیرخارجہ نے کہاکہ نیروبی میں تجارتی کانفرنس کاانعقاد پاکستان کیلئے افریقہ خصوصاً کینیا کی اہمیت کامنہ بولتاثبوت ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان افریقی یونین میں شمولیت کاخواہاں ہے ،انہو ں نے توقع ظاہر کی کہ کینیا اس سلسلے میں تعاون کرے گا۔شاہ محمودقریشی نے اپنے کینیا کے ہم منصب کو بھارتی فوج کی جانب سے مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں بتایا اورکینیاپرزوردیاکہ وہ نہتے کشمیریوں کوبھارتی مظالم سے نجات دلانے کیلئے آوازبلندکرے.