پیشی پر جانے والے 5 افراد کا سرعام قتل، آئی جی پنجاب کا نوٹس

صوبہ پنجاب کے ضلع شیخوپورہ میں دلخراش واقعہ پیش آیا ہے،جہاں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے پانچ افراد کو موت کے گھاٹ اتاردیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کا واقعہ صفدرآباد میں سیٹھ والا میں پیش آیا،جہاں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ایک کار پر اندھا دھند فائرنگ کی اور فرار ہوگئے۔ نامعلوم افراد کی فائرنگ سے کار میں موجود پانچوں افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے،مقتولین پیشی پر فیصل آباد عدالت جارہے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ دو گروہوں میں دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ ہے، دونوں گروہوں میں عرصہ دراز سے زمین کا تنازعہ چلا آرہا ہے اس سے قبل بھی دونوں گروہ کے بارہ کے قریب افراد قتل ہوچکے ہیں۔ دوسری جانب آئی جی پنجاب شعیب دستگیر نے شیخوپورہ صفدر آباد میں پانچ افراد کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او شیخوپورہ سے واقعہ کی فوری رپورٹ طلب کرلی ہے، آئی جی نے فوری ملزمان کی گرفتاری کا حکم دیا ہے