لیگی رہنماؤں سے اربوں روپے کی زمین واگزار کرائی: شہزاد اکبر
اسلام آباد : وزیراعظم کے مشیر احتساب و داخلہ بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا ہے سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی سیاست کے 2 جز ہیں، ایک پیسہ جس نے چھانگا مانگا کلچر متعارف کروایا اور دوسرا جز سیاسی سرپرستی ہے کہ ایک خاص طبقہ اعلیٰ عہدے پر فائز ہو جو کسی خدمت کے لیے نہیں بلکہ لوٹ مار کے لیے سیاست میں آتا ہے۔ اسلام آباد میں پریس انفارمیشن ڈپارٹمنٹ میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی صاحبزادی سیاسی مافیا کے ساتھ کھڑی ہوکے ریاست کو للکار رہی تھیں اور ثابت کررہی تھیں کہ ہم نظریات کی سیاست نہیں کریں گے اور اسی لوٹ کھسوٹ کی سیات کو جاری رکھیں گے۔یہ وہ مافیا ہے جس نے سیاست میں پیسے اور سیاسی سرپرستی کا آغاز کیا اور آج بھی ہم اسے بھگت رہے ہیں۔