نگران صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عامر میر کا لاہور آرٹس کونسل الحمراء کا دورہ
نگران صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عامر میر نے لاہور آرٹس کونسل الحمراء کا دورہ کیا۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل ذوالفقار علی زلفی نے صوبائی وزیر ثقافت کا استقبال کیا۔صوبائی وزیر ثقافت کو الحمرا کی تاریخ، مشن، خدمات اور کارکردگی کے بارے بریف کیا گیا۔ صوبائی وزیر اطلاعات وثقافت عامر میر نے آرٹسٹ کمیونٹی کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کی۔انھوں نے کہا کہ سینئر فنکاروں کی مشاورت سے ادب و ثقافت کی ترقی کے لئے قابل عمل پالیسی بنائیں گے۔نگران صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت کو الحمراء اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس میں اساتذہ کی خدمات سے آگاہ کیا گیا اور بتایا گیا کہ سینکڑوں طلبہ و طالبات اس اکیڈمی سے تربیت حاصل کر رہے ہیں۔عامر میر نے کہاکہ ملک وقوم کی نیک نامی میں فنکاروں کی خدمات کو سراہتے ہیں،زندہ قومیں اپنے آرٹسٹوں کی قدر کرتی ہیں، فنکار ہمارا اثاثہ ہیں،فنکاروں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لئے بھرپور مواقع فراہم کئے جائیں۔ انھوں نے کہا کہ نوجوان ہمارے اُمنگ اور مستقبل کی روشن امید ہیں، ادب وثقافت کے شعبے میں ا نکی تربیت ہماری ذمہ داری ہے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت زبان وادب، تہذیب وتمدن اور ثقافتی اقدار کی آبیاری میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی اور فنکار کمیونٹی کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے