پشاورکی پولیس لائنز مسجد دھماکہ:ریسکیو آپریشن مکمل،شہداء کی تعداد 93ہو گئی

پشاورکی پولیس لائنز مسجد میں گزشتہ روز ہونے والے دھماکے میں شہداء کی تعداد 93ہو گئی ، ریسکیو آپریشن مکمل کرلیا گیا ۔ترجمان ریسکیو بلال نے نجی ٹی وی سے گفتگومیں کہا کہ پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال (ایل آر ایچ)کے ترجمان محمد عاصم نے 93 افراد کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہسپتال لائے گئے تمام افراد کی شناخت ہوگئی ۔انہوں نے بتایا کہ اس وقت ہسپتال میں بم دھماکے کے 57 زخمی زیر علاج ہیں، لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں مجموعی طور پر 157 زخمی لائے گئے تھے جن میں بیشتر کو طبی امداد فراہم کرنے کے بعد گھر بھیج دیا گیا۔ترجمان ریسکیو نے کہا کہ ریسکیو آپریشن میں 37 آپریشنل گاڑیوں اور 168 اہلکاروں نے حصہ لیا، شہدا کے جسد خاکی آبائی علاقوں میں منتقل کردیئے گئے ہیں، پشاور، نوشہرہ اور خیبر کی ٹیموں نے حصہ لیا۔یاد رہے کہ گزشتہ روز پشاور میں پولیس لائن کی مسجد میں ہونے والے خودکش دھماکے میں اب تک 93 افراد جاں بحق اور 185 افراد زخمی ہوئے۔پشاور دھماکے میں ضلع چارسدہ کے تقریبا 18 افراد شہید اور 2 زحمی ہوئے۔