سمندر سے آلودگی کو ختم کرنے والی ڈیوائس سے 2040ء تک 90 فیصد سمندرصاف کردیگی۔
سمندر سے پلاسٹک کے فضلے کو ختم کرنے کے لئے سائنس دانوں نے ایسی ڈیوائس تیار کی ہے جو 2040ءتک سمندری آلودگی میں 90 فیصد کمی کردے گی۔سمندری آلودگی کے خاتمہ کے لئے سسٹم تیار کرنے والی کمپنی اوشین کلین اپ کے سی ای او بوائن سلیٹ نے کہا ہے کہ دنیا بھر ہر ایک منٹ کے بعد کوڑے کرکٹ کے ایک ٹرک کے برابر پلاسٹک کا فضلہ سمندر میں داخل ہو رہا ہے اور ایک سال کے دوران تقریباً 80 لاکھ ٹن فضلہ سمندر میں پھینکا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا میں استعمال ہونے والی پلاسٹک مصنوعات میں سے صرف 5 فیصد کو ری سائیکل کیا جاتا ہے جبکہ دیگر پلاسٹک فضلہ کی صورت میں پھینک دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سال 2015ءکے دوران دنیا بھر میں 32 کروڑ 20 لاکھ ٹن پلاسٹک تیار کیا گیا اور 2050ءتک اس کی مقدار میں چار گنا اضافہ ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سمندر سے فضلہ ختم کرنے کے لئے تیار کی جانے والی ڈیوائس کو ہوا اور سمندری لہروں سے حاصل کی جانے والی توانائی سے چلایا جائے گا جو 2040ءتک 90 فیصد تک سمندری آلودگی کو ختم کردے گی۔