آئندہ یوم آزادی کو پلاسٹک کے بیگز سے آزادی کے دن طورپر بھی منایا جائے گا:زرتاج گل
موسمیاتی تبدیلی کی وزیر مملکت زرتاج گل نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کو صاف اور سرسبز بنانے کیلئے متعدد اقدامات کررہی ہے۔بدھ کے روز اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا حکومت اگلے ماہ کی چودہ تاریخ سے اسلام آباد میں ایک بار استعمال ہونے والے پلاسٹک کے بیگ کی فروخت اور استعمال پر پابندی عائد کرے گی۔وزیر مملکت نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کے بعد اس اقدام کو ملک کے دوسرے شہروں تک توسیع دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ آئندہ یوم آزادی کو پلاسٹک کے بیگز سے آزادی کے دن طورپر بھی منایا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ ملک بھر میں ہائی ویز اور موٹرویز کے ساتھ پودے لگائے جارہے ہیں اور موٹروے کے خانیوال تا ملتان حصے پر شجرکاری مہم شروع کردی گئی ہے۔