عدالت کی اجازت کے بعد بینک گھروں کیلئے قرضے دینا شروع کریں گے،گھروں کا منصوبہ گوادر کے ماہی گیروں سے شروع کریں گے:وزیراعظم عمران خان
اسلام آباد میں نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے لیے حکومت، اقوام متحدہ اور سسٹین ایبل ہاؤسنگ سلوشن ( ایس ایچ ایس ) کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پردستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران نے کہا کہ پاکستان میں 5 لاکھ گھر بنانے کا فیصلہ کیا ہے جن کا آغاز گوادر کے مچھیروں سے کیا جائے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ اقوام متحدہ سے مفاہمت کی یادداشت سے ہاؤسنگ منصوبے کیلئے مالی معاونت فراہم ہوگی جس کی مدد سے بڑے پیمانے پر ہاؤسنگ اسکیم کا آغاز ہوگا۔عمران خان نے کہا کہ اس پروگرام میں پاکستانی وسائل اور پاکستانی افرادی قوت استعمال ہوگی، پوری کوشش ہوگی کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام میں مقامی مٹیریل استعمال ہو۔انہوں نے کہا کہ نئے ہاؤسنگ پروگرام سے کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملےگا ماضی کی لوٹ مار کے باعث معاشی مسائل نے جنم لیا اور اب ملکی خزانے میں پیسہ نہیں۔