شام: شمال مشرقی علاقے میں چیک پوائنٹ پر کار بم دھماکا، 6 افراد ہلاک ،15 زخمی
شام کے شمال مشرق میں واقع سرحدی قصبے راس العین کے نزدیک ایک چیک پوائنٹ پر کار بم دھماکے کے نتیجے میں چھے افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوگئے ہیں۔ برطانیہ میں قائم شامی رصدگاہ برائے انسانی حقوق کی اطلاع کے مطابق اس کار بم حملے میں ترکی کی حمایت یافتہ شامی فورسز کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی اور مہلوکین اور زخمیوں میں زیادہ تر شامی جنگجو ہی ہیں۔ اس نے بتایا ہے کہ جمعرات کو یہ بم دھماکا راس العین کے نزدیک واقع گاؤں تل حلف میں ایک چیک پوائنٹ پر ہوا ہے۔اس گاؤں پر ترک فورسز اور ان کے اتحادی شامی جنگجوؤں کا گذشتہ ایک سال سے زیادہ عرصے سے کنٹرول ہے۔فوری طور پر کسی گروپ نے اس بم حملے کی ذمے داری قبول کرنے کا دعویٰ نہیں کیا ہے ترک فورسز اور ان کی اتحادی شامی فورسز نے گذشتہ سال کرد ملیشیا سے شام کی سرحد کے ساتھ ساتھ واقع 120 کلومیٹر طویل پٹی چھین لی تھی۔یہ علاقہ راس العین سے تل ابیض تک پھیلا ہوا ہے۔تب سے اس علاقے میں متعدد بم دھماکے ہوچکے ہیں۔تین چار دھماکے تو گذشتہ ایک ہفتے میں ہوئے ہیں۔