مقبوضہ کشمیر میں عیدالاضحی سے ایک روز قبل قابض بھارتی فوج کا کئی علاقوں کا محاصرہ

مقبوضہ کشمیر میں عیدالاضحی سے ایک روز قبل قابض بھارتی فوج نے کئی علاقوں کا محاصرہ کرکے تلاشی آپریشن تیز کردیا ہے ،تلاشیوں کے دوران کئی کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا،کشمیریوں نے بھارتی فوج کی ظالمانہ کارروائیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے بھی کئے،کے پی آئی کے مطابق بھارتی فوج کی مقبوضہ کشمیر میں ظالمانہ کارروائیاں جاری ہیں عیدلاضحی سے ایک روز قبل قابض افواج نے کئی علاقوں کو محاصرے میں لیا اور گھرگھر تلاشی کا سلسلہ تیز کردیا ہے ،بھارتی فوجیوں نے بڈگام اورکپواڑہ کے اضلاع میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اورچھاپوں کے دوران کم سے کم آٹھ نوجوان کو گرفتار کرلیا۔پانچ نوجوانوں کو ضلع بڈگام کے علاقے نصراللہ پورہ میں گرفتار کیاگیا ، ضلع بڈگام میں 02 کمسن طلبا کو حراست میں لیا گیا اور ان سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ پولیس نے ان 02 لڑکوں کی شناخت 17 سالہ عرفان احمد خان ولد اعجاز احمد خان ساکنہ آری بل اور 16 سالہ واحد اشرف راتھر ولد محمد اشرف راتھر ساکنہ چکھ پورہ کرالہ پورہ کے طور پر بتائی ہے۔فوری طور پر اس بات کا پتہ نہیں چل پایا کہ انِ 02 طالب علموں کو کس بنا پر پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا گیا ہے۔بھارتی فوجیوں نے مقامی افراد کی املاک اوردوسری قیمتی اشیا کو بھی نقصان پہنچایا۔ بھارتی فوجیوں نے ضلع کپواڑہ میں سادھنا پاس پر تین نوجوانوں کو گرفتار کیا۔ایک اور واقعے میں سرینگر کے علاقے رام باغ میں بھارتی سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے ایک اہلکار نے گولی مار خودکشی کرلی،پلوامہ کے دربگام گائوں میں مجاہدین نے فوج کی ایک گاڑی پر فائرنگ کی ،جس دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک فوجی اہلکار زخمی ہوا۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ دن کے دو بجے کے قریب دربگام پلوامہ نامی گائوں میں بونہ گام محلے سے 44آر آر کی ایک بکتر بند گاڑی گزر رہی تھی اور جب گاڑی بستی سے گذر رہی تھی تو یہاں موجود مجاہدین نے گاڑی پر رائفل گرینیڈ داغا جو زوردار دھماکے سے پھٹ گیا۔اس موقعہ پرگاڑی میں سوار فوجی اہلکاروں نے بھی جوابی فائرنگ کی۔ واقعہ کے نتیجے میں ایک اہلکار زخمی ہوا۔جسے سرینگر منتقل کردیا گیا۔واقعہ کے بعد علاقے کو گھیرے میں لیا گیا اور تلاشیاں لیں گئیں،علاوہ ازیں قابض انتظامیہ نے مقبوضہ علاقے میں تیز رفتار انٹرنیٹ سروس پر جاری پابندی میں 19اگست تک توسیع کر دی ہے جو تقریبا گزشتہ ایک سال سے فوجی محاصرے میں ہے