باجوڑ دھماکہ: کراچی میں پولیس ہائی الرٹ

گزشتہ روز ضلع باجوڑ میں پیش آنے والے افسوسناک واقعہ کے پیش نظر کراچی پولیس کو بھی ہائی الرٹ کردیا گیا ۔ یہ احکامات ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو کی جانب سے دیئے گئے۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی نے باجوڑ میں جمعیت علمائے اسلام (ف)کے ورکرز کنونشن میں ہونے والے دھماکے کے باعث کراچی پولیس کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم جاری کیا۔جاوید عالم اوڈھو کی طرف سے کراچی پولیس کو شہر بھر کی مساجد، مدارس، امام بارگاہوں اور اطراف سمیت ممکنہ حساس علاقوں میں انٹیلی جنس بڑھانے کا حکم جاری کیا گیا ۔ ساتھ ہی شہر میں تھانوں کی سطح پر بھی روابط مزید مربوط کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ۔ پولیس چیف کی جانب سے سخت ہدایات دیتے ہوئے شہر میں سکیورٹی اقدامات مزید بہتر بنانے اور غیر معمولی سرگرمیوں کی مکمل نگرانی کرنے کا بھی کہا گیا۔ ساتھ ہی پٹرولنگ اور ناکہ بندی بھی سخت کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔