نگران پنجاب حکومت کو کام سے روکنے کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر
نگران پنجاب حکومت کو کام سے روکنے کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ۔ سینئرقانون دان آفتاب باجوہ کی جانب سے دائر درخواست میں نگران وزیرِ اعلیٰ پنجاب محسن نقوی اور الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا۔مدعی نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ پنجاب میں نگران حکومت کی آئینی میعاد ختم ہوچکی ہے، سپریم کورٹ نے الیکشن کی تاریخ میں توسیع کی لیکن نگران حکومت پنجاب کو توسیع نہ دی۔درخواست میں کہا گیا کہ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب غیر آئینی طور پر عہدہ سنبھالے ہوئے ہیں، نگران وزیر اعلیٰ اور کابینہ کا عہدے پر برقرار رہنا آئین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔درخواستگزار نے عدالت سے استدعا کرتے ہوئے کہا کہ 90 روز گزرنے کے بعد نگران حکومت کے تمام احکامات و اقدامات غیر آئینی ہیں، عدالت نگران وزیر اعلیٰ کو فوری عہدے سے ہٹانے، نگران حکومت پنجاب کو کام سے روکنے اور الیکشن کمیشن کو پنجاب میں نئی نگران حکومت کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دے۔