کراچی اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے اختتام پر زبردست تیزی رہی اور کے ایس ای ہنڈریڈ انڈیکس تیرہ ہزار سات سو پوائنٹس کی سطح عبور کرگیا۔
کراچی اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے دوران زبردست تیزی رہی اور ہنڈریڈ انڈیکس مجموعی طور پر چار سو نواسی پوائنٹس بڑھ کر تیرہ ہزار سات سو باسٹھ پوائنٹس پر بند ہوا۔اس ہفتے پارلیمنٹ کے جوائنٹ سیشن سے اسٹاک مارکیٹ ڈی میوچلائزیشن کا بل منظور ہونے،سیمنٹ کی قیمتوں میں اضافے اورغیرملکی کمپنی کی جانب سے حب پاور کمپنی کے شئیرز کی فروخت مارکیٹ کی تیزی کی اہم وجہ رہی۔کاروباری ہفتے کے اختتام پر کیپیٹل گین ٹیکس پر وزارت خزانہ کی جانب سے تاخیر کی خبروں نے مارکیٹ کی سرگرمیوں پر منفی اثر ڈالا۔گزشتہ ماہ فرٹیلائزر کی فروخت میں کمی اور اینگرو کیمیکل کو گیس کی عدم سپلائی نے فرٹیلائزر اسٹاکس کو پریشر میں رکھا۔دوسری جانب سیمنٹ کی طلب بڑھنے کی وجہ سے سیمنٹ اسٹاکس نے زبردست پرفارم کیا۔رواں ہفتے زبردست تیزی نے مارکیٹ کے کاروباری حجم میں بھی اڑتالیس فیصد کا نمایاں اضافہ کیا۔ ایک ہفتے کے دوران اوسط کاروباری حجم اڑتیس کروڑ اسی لاکھ شئیرز رہا۔