امیرالمومنین حضرت علی ابن ابی طالب کرم اللہ وجہہ کا یوم ولادت آج منایا جارہا ہے
حضرت علی کرم اللہ وجہ کی پیدائش 13 رجب بروز جمعہ 30 عام الفیل کو ہوئی حضرت علیؓ کی پرورش حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے کی۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اللہ کے حکم سے اپنے قریبی حلقہ احباب کو دعوت اسلام پیش کی تو بچوں میں حضرت علیؓ نے سب سے پہلے لبیک کہا حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے مدینہ ہجرت کی تو اپنے بستر پر حضرت علیؓ کو لٹا دیا اور ہدایت فرمائی کہ لوگوں کی امانتیں واپس کر کے مدینہ آ جانا۔ حضرت علی بن ابی طالب فرمایا کرتے تھے زندگی میں صرف وہی رات تھی جب میں بلاخوف سویا حضرت علی نے کفار کے ساتھ معرکوں میں جرأت و بہادری کی مثالیں قائم کیں۔ غزوہ خیبر میں بہادرانہ لڑائی کے بعد آپ کو حیدر کرار )شیر خدا( کا خطاب عطا کیا گیا۔
حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی سب سے لاڈلی بیٹی حضرت فاطمہؓ کا عقد حضرت علیؓ سے کیا۔ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے وصال کے بعد حضرت علیؓ نے ہی آقائے دو جہاں صلی اللہ علیہ وسلم کا جسم مبارک لحد میں اتارا۔ خلیفہ سوم حضرت عثمانؓ کی شہادت کے بعد مسلمانوں نے حضرت علی کو خلیفہ منتخب کیا۔ حضرت علی کرم اللہ وجہ پر انیس رمضان چالیس ھجری کو قاتلانہ حملہ ہوا۔ آپؓ دو دن بعد اکیس رمضان کو نماز فجر کے وقت اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔