خواتین کی تعلیم پر سب سے زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے:ڈاکٹر طاہرالقادری
قائد تحریک منہاج القرآن سربراہ پی اے ٹی ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ منہاج القرآن کے تعلیمی منصوبہ جات میں پسماندہ علاقوں کو ترجیح دی جائے، انہوں نے منہاج کالج برائے خواتین خانیوال کے منصوبے پر اطمینان کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ کالج کی بلا تاخیر تعمیر یقینی بنائی جائے،ترقی کے اہداف حاصل کرنے کیلئے بچوں کے ساتھ ساتھ بچیوں کی تعلیم پر توجہ دینا ہو گی،بدقسمتی سے تعلیم کو کاروبار بنا کر آبادی کے کم آمدنی والے ایک بڑے حصے کو معیاری تعلیم کے حق سے محروم کر دیا گیا۔ گزشتہ روز منہاج گرلز کالج کے منصوبے کے حوالے سے منہاج ویلفیئر فائونڈیشن کے ڈائریکٹر سیدامجد علی شاہ نے بریفنگ دیتے ہوئے قائد تحریک منہاج القرآن کو بتایا کہ منہاج کالج برائے خواتین خانیوال 10 کنال کے رقبے پر محیط ہے اور اپنی مدد آپ کے تحت اس کا انفراسٹرکچر تعمیر کیا جارہا ہے، پہلے مرحلے میں 6سو سے زائد بچیاں ایڈمیشن لے سکیں گی اور اڑھائی سو سے زائد بچیوں کیلئے ہاسٹل کی سہولت بھی دستیاب ہو گی، انہوں نے بتایا کہ اعلیٰ تعلیم یافتہ خواتین ٹیچرز کی سلیکشن کا مرحلہ بھی جلد مکمل کر لیا جائیگا، کالج کی تعمیر میں بین الاقوامی معیار کی تعلیمی سہولیات کو پیش نظر رکھا جارہا ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں خواتین کی تعلیم و تربیت پر سب سے زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے، اولیائے اللہ اور صوفیائے کرام کی سرزمین جنوبی پنجاب حکومتوں کی عدم توجہ کی وجہ سے لاتعداد سماجی، معاشی مسائل سے دو چار ہے، انہوں نے کہا کہ نوجوان لڑکے اور لڑکیاں اعلیٰ تعلیم کے حصول پر توجہ دیں، ترقی کا ہر راستہ تعلیم سے نکلتا ہے۔انہوں نے کہا کہ الحمداللہ منہاج القرآن کے فلاحی، انسانی منصوبہ جات اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوانوں کیلئے باعزت روزگار کا ایک بڑا ذریعہ بن چکے ہیں، بچیوں کو بامقصد تعلیم دینے کیلئے منہاج گرلز کالج کا جنوبی پنجاب میں قیام خطہ کے عوام کیلئے ایک تحفہ ہے۔