مالی مشکلات کے باوجود کراچی کیلئے بڑے ترقیاتی منصوبے کااعلان نیک شگون ہے:فوادچوہدری
اطلاعات ونشریات کے وزیرفوادچوہدری نے کہاہے کہ مالی مشکلات اوراقتصادی چیلنجز کے باوجود وزیراعظم عمران خان کی طرف سے کراچی کی عوام کے لئے بڑے ترقیاتی منصوبے کااعلان نیک شگون ہے۔ایک نجی نیوزچینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف ایک حقیقی جمہوری جماعت ہے جو اس حقیقت کاثبوت ہے کہ اس کے وزراء نے قومی احتساب بیورو میں مقدمات کاسامنا کرنے کے لئے اپنے استعفے پیش کئے۔فوادچوہدری نے کہاکہ سندھ کے وزیراعلیٰ سیدمرادعلی شاہ کو بھی مستعفی ہوناچاہیے کیونکہ انہیں بھی نیب کے مقدمات کاسامناہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلزپارٹی کی حکومتوں نے اپنی غلط معاشی پالیسیوں کے باعث ملک پرقرضوں کابوجھ ڈالا۔وزیراطلاعات نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت بھی ایک دہائی سے زیادہ عرصے تک برسراقتداررہنے کے باوجودسندھ کے عوام کی زندگیوں میں بہتری لانے میں ناکام رہی ہے۔