صوبائی حکومت کورونا وائرس کیخلاف جنگ میں عوام کی زندگیاں بچانے کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑ رہی ، جام کمال
بلوچستان کے وزیراعلیٰ جام کمال خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں عوام کی زندگیاں بچانے کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑ رہی اور انہیں زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ وہ منگل کے روز ایوان وزیراعلیٰ میں کوئٹہ کے سینئر صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت نے صوبے میں کوروناوائرس کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے اب تک دو ارب روپے جاری کئے ہیں۔ انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ وینٹی لیٹرز،حفاظتی اور ٹیسٹنگ کٹس خریدی جارہی ہیں جو صوبے کے مختلف ہسپتالوں میں تقسیم کی جائیں گی۔