بلا ضرورت گھروں سے نکلنے سے وبا کے پھیلاؤ کا خطرہ ہے، مرتضیٰ وہاب
کراچی: ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ بلا ضرورت گھروں سے نکلنے سے وبا کے پھیلاؤ کا خطرہ ہے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب کی جانب سے ویڈیو بیان جاری کیا گیا ہے جس میں انہوں نے عوام سے ایک مرتبہ پھر سخت احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے۔ مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس نے دنیا بھر میں تباہی مچائی ہے،اس خطرناک وبا کا تاحال کوئی علاج دریافت نہیں ہوا، ہمیں اس سے بچاؤ کے لیے صرف احتیاط برتنی ہے۔ ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ حکومت سندھ کی ہدایات پر ہر صورت عمل کریں،بلا ضرورت گھروں سے نکلنے سے وبا کے پھیلاؤ کاخطرہ ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت این جی اوز کی مدد سے راشن تقسیم کر رہی ہے، صبر سے کام لیں تمام مستحقین تک راشن پہنچائیں گے۔