وزیراعظم نوازشریف کی لندن میں اوپن ہارٹ سرجری کامیابی سے مکمل ہوگئی

وزیراعظم نوازشریف کی لندن میں اوپن ہارٹ سرجری کامیابی سے مکمل ہوگئی۔ وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نوازشریف سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر وزیراعظم کی ہارٹ سرجری سے متعلق مسلسل آگاہی فراہم کرتی رہیں،،، سہہ پہر چار بج کر سترہ منٹ پر مریم نواز نے ٹویٹ کیا کہ الحمد اللہ رب العالمین وزیراعظم کی سرجری کامیابی سے مکمل ہوگئی۔ مریم نواز نے بتایا کہ آپریشن کے بعد وزیراعظم کو پمپ سے ہٹادیا گیا۔اس سے قبل لندن میں وزیراعظم کی اوپن ہارٹ سرجری مقامی وقت کے مطابق صبح آٹھ بجے شروع ہوئی۔ نواز شریف نے سرجری سے پہلے اپنی والدہ سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور ان سے دعائیں لیں جبکہ انہوں نے ہسپتال میں موجود خاندان کے افراد سے ملاقات بھی کی۔ اوپن ہارٹ سرجری سے پہلے نواز شریف کے تمام ٹیسٹ کیے گئے ۔۔ دنیا کے ماہر ترین سرجن اور ڈاکٹرز کی ٹیم وزیراعظم کی سرجری کیلئے موجود تھی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم تقریباً ایک ہفتے تک لندن کے مقامی ہسپتال میں ہی رہیں گے۔ دوسری جانب وزیراعظم نے آپریشن سے ایک دن قبل لندن سے ویڈیو لنک کے ذریعے قومی اقتصادی کونسل اور وفاقی کابینہ کے بجٹ اجلاس کی صدارت کی،،، اس دوران صحتیابی کیلئے دعاؤں اور نیک خواہشات پر وزیراعظم نے تمام وزرا اور سیاستدانوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔