چیمپئنز ٹرافی: پاکستان کوورلڈ کپ کی ٹکٹ کٹوانے کا چیلنج درپیش
پاکستان کو چیمپئنز ٹرافی میں ورلڈ کپ کی ٹکٹ کٹوانے کا چیلنج درپیش ہے، ون ڈے رینکنگ میں پوزیشن بہتر بنانے کیلئے ہر میچ میں پوری جان لڑانا ہوگی، بنگلہ دیش کے لیے چھٹی پوزیشن کی رکھوالی امتحان بن گئی۔ادھر کاگیسیو ربادا، ثقلین مشتاق کے بعد کم عمر ٹاپ رینک بولر بن گئے، بیٹسمینوں میں پاکستانی بابر اعظم کو ایک درجہ ترقی نے ساتویں نمبر پر پہنچا دیا، محمد حفیظ کی 20 ویں پوزیشن برقرار ہے۔ تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کی جانب سے چیمپئنز ٹرافی سے قبل ٹیموں اور کھلاڑیوں کی حتمی رینکنگ جاری کردی گئی ہے، جس میں بدستور آٹھویں نمبر پر موجود گرین شرٹس کے پوائنٹس کی تعداد 88 ہے، وہ اس وقت ساتویں نمبر پر موجود سری لنکا اورچھٹی پوزیشن کی حامل بنگلہ دیش ٹیم سے 5 پوائنٹس پیچھے ہیں، آئی لینڈرز اور بنگال ٹائیگرز دونوں کے ہی 93، 93 پوائنٹس ہیں۔ پاکستان کو ورلڈ کپ 2019 میں براہ راست جگہ پانے کیلئے بہتر پرفارم کرتے ہوئے رینکنگ میں پوزیشن کو اچھا بنانا ہوگا۔ بنگلہ دیشی ٹیم کو چند اعشاریائی پوائنٹس کی برتری کے باعث ملنے والی چھٹی پوزیشن بچانے کا چیلنج درپیش ہے۔جنوبی افریقہ کے خلاف 3 میچز کی سیریز میں 2-1 کی کامیابی سے انگلینڈ کو 2 پوائنٹس ملے تاہم وہ بدستور پانچویں نمبر پر ہے،پروٹیز ایک پوائنٹ کی کٹوتی کے باوجود ٹاپ پر موجود اور اب بھی انھیں دوسرے نمبر کی آسٹریلوی ٹیم پر 4 پوائنٹس کی برتری حاصل ہے، بھارت تیسرے اور نیوزی لینڈ چوتھے نمبر پر رہا۔