جعلسازوں کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری, مختلف برانڈز کی جعلی کاربونیٹڈاور کولا ڈرنکس بنانیوالی فیکٹری سیل،مالکان کیخلاف مقدمہ درج
وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی خصوصی ہدایت پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کا رمضان المبارک میں جعلسازوں کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری ہے۔ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کیپٹن (ر) محمد عثمان کی سر براہی میں بند روڈ کے علاقے میں ایک اور بڑی کارروائی کرتے ہوئے مختلف برانڈز کی جعلی کاربونیٹڈاور کولا ڈرنکس بنانیوالی فیکٹری سیل کر دی گئی۔31 ہزار 340 لیٹر جعلی بوتلیں،50 ہزار جعلی لیبل،خالی بوتلیں،مشینیں اور خام مال برآمد کر لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے جعلسازوں کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری رکھتے ہوئے بند روڈ کے علاقے میں بڑی کارروائی کی ہے۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی سربراہی میںمختلف برانڈز کی جعلی کاربونیٹڈاور کولا ڈرنکس بنانیوالی فیکٹری سیل کرتے ہوئے مالکان کیخلاف مقدمہ درج کروا دیا ہے۔کارروائی کے دوران31 ہزار 340 لیٹر جعلی بوتلیں،50 ہزار جعلی لیبل،خالی بوتلیں، 3 گیس سلنڈر، 2 فلنگ مشینیں، کیمیکلز،مصنوعی فلیورز اور بھاری مقدار میں خام مال ضبط کر لیا گیا ہے۔اس موقع پر ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ جعلی بوتلوں کے خطرناک فارمولے کینسر اور معدے کے السر جیسی بیماریوں کا سبب بنتے ہیں۔ فیکٹری میںتیار کردہ جعلی بوتلیں عید سے قبل لاہور اور مضافاتی علاقوں میں سپلائی کی جانی تھیں۔ کیپٹن (ر) محمد عثمان کا مزید کہنا تھا کہ عید سے قبل جعلی بوتلیں بنانیوالوں کے خلاف منصوبہ بندی سے بھر پور کاروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔گزشتہ ایک ماہ میں 10 لاکھ کے قریب جعلی بوتلیں پکڑ کر تلف کی جا چکی ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی جعل سازوں کے کاروبار کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے پر عزم ہے۔عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔