عمران خان نے انصاف کا وعدہ کیا تھا بہت دن گزر گئے اب انصاف مل جانا چاہیے۔ جہانگیر ترین
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ عمران خان نے انصاف کا وعدہ کیا تھا بہت دن گزر گئے اب انصاف مل جانا چاہیے، ہمارے ساتھ سیاست نہ کی جائے انصاف کیا جائے۔لاہور میںعدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا کہ مجھ پر بے بنیاد الزامات لگائے گئے ہیں اور ہم عبوری ضمانت کے لیے عدالت میں پیش ہوئے لیکن ہمیں ہر پیشی پر نئی تاریخ مل جاتی ہے، قیاس آرائیاں ہیں کہ علی ظفر نے زبانی رپورٹ دے دی ہے، یہ بھی قیاس آرائیاں بھی ہیں کہ رپورٹ میرے لیے مثبت ہے۔ انہوںنے کہا کہ علی ظفر نے جو کہا ہے وہ بات منظر عام پرآنی چاہئے، ہمیں کچھ ایسی باتیں بھی معلوم ہیں جو میڈیا کو نہیں بتاسکتے، اب انصاف مل جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے بیرسٹر علی ظفر کو تفتیش کیلئے مقرر کیا تھا اور انہوں نے بہت محنت کرکے تفتیش کو مکمل کرلیا،امید تھی رپورٹ منظر عام پر آجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے انصاف فراہم کیا جائے ، سیاست نہ کی جائے، معاملہ تب بگڑا جب نذیر چوہان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا، میری کسی حکومتی اعلی عہدیدار سے ملاقات نہیں ہوئی، جب رپورٹ آئے گی تو ہر چیز کھل کر بتائوں گا۔