وزیراعظم کی اسلام آباد اسپیشل ٹیکنالوجی زون کے قیام کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت
وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد اسپیشل ٹیکنالوجی زون کے قیام کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کر تے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں ٹیکنالوجی کا فروغ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔اسپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی بورڈ آف گورنرز کے دوسرے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو منافع بخش کاروباری سرگرمیوں کے لیے ہر ممکنہ سہولت دیں گے۔وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں اتھارٹی کو متحرک ادارہ بنانے ،سرمایہ کاری اور روزگار کی فراہمی سے پیش رفت کے متعلق جائزہ لیا گیا۔اسپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی بورڈ آف گورنرز اجلاس میں ایس ٹی زیڈ رولز2021کی منظوری دے دی گئی۔ وزیر اعظم کو اسلام آباد اسپیشل ٹیکنالوجی زون کے قیام سے متعلق پیش رفت پر بھی بریفنگ دی گئی۔اجلاس کو رورل سیکٹرز میں اسپیشل ٹیکنالوجی زونز کے قیام پر بھی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ لوگوں کی جانب سے سرمایہ کاری کے حوالے سے خصوصی دلچسپی اور عزم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔اجلاس کو نوجوانوں کی صلاحیتیوں میں اضافے، تربیت اور ملازمتو ں کے حوالے سے حکمت عملی پر بھی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ معروف آئی ٹی کمپنیوں جن میں ہواوے، سام سنگ وغیرہ شامل ہیں کی جانب سے اس زون میں سرمایہ کاری کے حوالے سے خصوصی دلچسپی اور عزم کا اظہار کیا جا رہا ہے،وزیر اعظم عمران خان نے اتھارٹی کی جانب سے کی جانے والی پیش رفت کی تعریف کی۔