صوبہ پنجاب میں مختلف سیکٹرز کی ترقیاتی سکیموں کو مکمل کرنے کیلئے فنڈز کی منظوری
پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ نے مالی سال 2021-22 کے صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے 79ویں اجلاس میں مختلف سیکٹرز کی 3 ترقیاتی سکیموں کے لیے مجموعی طور پر 2 ارب 5کروڑ 66لاکھ 45ہزار روپے کی منظوری دی۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ علی سرفراز حسین نے کی۔ صوبائی ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں ترقیاتی بورڈ کی جانب سے جن سکیموں کی منظوری دی گئی ان میں انوائرنمنٹ مانیٹرنگ سنٹر کے لئے گرین بلڈنگ کی تعمیر کیلئے 10 کروڑ 16 لاکھ روپے، بی آر بی ڈی لنک کینال پر باٹا پور RD 334+000 میں رہائشی کالونی کی تعمیر اور کینال کالونی ٹھوکر نیاز بیگ لاہور میں سہولیات کی بہتری کیلئے 50 کروڑ 11 لاکھ 96 ہزار روپے اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر چنیوٹ میں جوڈیشل کمپلیکس کی تعمیر کیلئے 1 ارب 45 کروڑ 38 لاکھ 49 ہزار روپے شامل ہیں۔ اجلاس میں صوبائی محکمہ جات کے اعلی افسران اور پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے ممبران نے شرکت کی۔