منشیات برآمدگی کیس میں وزیر داخلہ رانا ثنااللہ فرد جرم عائد کرنے کیلیے طلب

لاہور میں انسداد منشیات کی خصوصی عدالت نے منشیات برآمدگی کیس میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کو فرد جرم کے لیے طلب کرلیا اور فرد جرم کی کارروائی کے لیے 25 جون کی تاریخ مقرر کر دی۔وفاقی وزیر کو جولائی 2019 میں گزشتہ حکومت کے دور میں انسداد منشیات فورس نے گرفتار کیا تھا، جس نے ان کی گاڑی سے 15 کلوگرام ہیروئن برآمد کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔خصوصی عدالت نے گزشتہ سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا جس میں کہا گیا ہے کہ ’فرد جرم اگلی سماعت میں عائد کی جائے کیونکہ ملزم وفاقی وزیر داخلہ ہے اور انہیں فوری طور پر اسلام آباد جانا ہے‘۔حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ’ریاستی پراسیکیوٹرز نے پہلے ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کیا لیکن پھر عدالتی حکم پر رضامندی ظاہر کردی، ان حالات میں کیس کی مزید سماعت 25 جون تک ملتوی کی جاتی ہے‘۔