حج پالیسی 2022 منظور: فی عازم ڈیڑھ لاکھ روپے تک سبسڈی دینے کا اعلان
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے حج پالیسی 2022 کی منظوری دے دی ہے اور رواں سال حج پر ڈیڑھ لاکھ روپے کی سبسڈی دینے کا اعلان کیا ہے۔
منگل کو وزارت مذہبی امور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے کہا کہ حج ایک اہم دینی اور مذہبی فریضہ ہے اور دو سال کے وقفہ کے بعد سعودی حکام نے محدود حج کوٹہ کے ساتھ انٹرنیشنل حج کی اجازت دی جس کے لیے ہم سعودی حکومت اور خادم الحرمین الشریفین کے شکر گزار ہیں۔انہوں نے کہا کہ دو سال کے وقفے کے بعد پاکستان کا حج کوٹہ 81ہزار 210 ہے، یہ حج غیرمعمولی حالات میں منعقد ہو رہا ہے، سعودی حکومت کی جانب سے لازمی حج اخراجات تاخیر سے موصول ہونے کے بعد وزارت مذہبی امور نے وقت کی بچت کی جس کے لیے سارا عملہ خراج تحسین کا حقدار ہے اور عیدالفطر سے قبل 50 ہزار ٹوکن کے ساتھ حج درخواستیں وصول کرنا شروع کیں۔ان کا کہنا تھا کہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی اور معاشی صورتحال کی وجہ سے سابق حکومت نے حج بہت مہنگا کر دیا تھا، اگر ہم کوشش نہ کرتے تو حج 11 لاکھ روپے تک پہنچ جاتا، ہم نے شمالی ریجن کے لیے 8لاکھ 387 روپے اور جنوبی ریجن کے لیے 7لاکھ 91ہزار 337روپے کا اعلان کیا تھا، اس میں قربانی شامل تھی، حج پیکج میں سعودی لازمی حج اخراجات کی شرح 51 فیصد ہے۔