بلاول بھٹو زرداری کا سندھ میں بارش سے ہلاکتوں پر اظہار افسوس

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سندھ میں بارش کے دوران حادثات میں ہلاکتوں پر اظہار افسوس کرتے ہوئے حادثات میں اپنے پیاروں کو کھونے والے خاندانوں سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہارکیا ہے۔ پی پی پی میڈیا سیل کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹوزرداری نے کہا ہے کہ متعلقہ حکام بارش کے دوران حادثات کی روکتھام کے لیے اقدام کریں۔حکومت سندھ مشکل گھڑی میں عوام کے ساتھ ہے، عوام کو اکیلا نہیں چھوڑے گی ۔ ان کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پاکستان کو سخت موسموں کا سامنا ہے، عالمی برادری موسمیاتی تبدیلی کے باعث ہونے والی تباہ کاریوں کے دوران پاکستان کو اکیلا چھوڑنے کی متحمل نہیں ہو سکتی۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال تباہ کن بارشوں کے متاثرین کی ایک بڑی تعداد آج بھی انسانی ہمدردی کی بنیاد پر عالمی برادری کے تعاون کی منتظر ہے۔