وزیراعظم محمد شہبازشریف نے آج لاہور میں بیلاروس کے وزیر خارجہ سرگئی ایلینک سے ملاقات کی

وزیراعظم محمد شہبازشریف نے آج لاہور میں بیلاروس کے وزیر خارجہ سرگئی ایلینک سے ملاقات کی۔ بیلاروس کے وزیر خارجہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان بیلاروس کے ساتھ اپنے خوشگوار اور کثیر الجہتی تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے بیلاروس کے ساتھ اقتصادی، زرعی، سائنس اور ٹیکنالوجی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، تعلیم، ثقافت اور دیگر شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیر خارجہ ایلینک نے وزیر اعظم کو صدر لوکاشینکو کا تہنیتی پیغام پہنچایا جس میں کہا گیا کہ بیلاروس پاکستان کو خطے کا ایک اہم ملک سمجھتا ہے اور علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے اس کی کوششوں کو سراہتا ہے۔ وزیراعظم نے بیلاروس کے وزیر خارجہ کو بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے بھی آگاہ کیا۔ پاکستان اور بیلاروس کی 2024 میں سفارتی تعلقات کے قیام کی 30 ویں سالگرہ کے تناظر میں وزیر اعظم نے مسلسل اعلیٰ سطحی وفود کے تبادلوں اور دیگر سرگرمیوں کا خیرمقدم کیا۔ اس سلسلے میں انہوں نے بیلاروسی صدر کو جلد از جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت کا بھی اعادہ کیا۔