کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے اور بھارتی فوج کے ظلم کے خلاف پیرس میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا مقررین کا کہنا تھا کہ سکاٹ لینڈ کی برطانیہ سے علیحدگی کے معاملہ پر ریفرنڈم ہو سکتا ہے تو مسئلہ کشمیر پر کیوں نہیں۔
پیرس میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے لندن میں ملین مارچ کیا، جس کے ذریعے یورپی اقوام کو باور کرانا تھا کہ جو معاملہ وہ ادھورا چھوڑ آئے تھے، وہ ایک آتش فشاں بن چکا ہے۔ مسئلہ کشمیر دو ایٹمی قوتوں کے درمیان سلگتی چنگاری ہے جو کسی وقت بھی بھڑک سکتی ہے۔ انہوں نے یورپی اقوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر سکاٹ لینڈ کی علیحدگی کے معاملہ پر ریفرنڈم ہو سکتا ہے تو مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کیوں نہیں۔ فرانس میں پاکستان کے سفیر غالب اقبال نے کہا کہ بھارت لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی بند کرے۔ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے، ایک نہ ایک دن کشمیر پاکستان کا حصہ ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان اور بھارت کے درمیان اب جنگ ہوئی تو ایٹمی ہو گی۔ بھارت ہوش کے ناخن لے۔ مظاہرے سے زاہد ہاشمی اور اقبال کھوکھر سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔