وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں تین وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ کابینہ نے اضافی بلوں سے متعلق آڈٹ رپورٹ کو مسترد کر دیا
اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس وزیراعظم میاں نوازشریف کی زیرصدارت ھوا جس میں وزیراعظم کے مشیر مصدق ملک نے اضافی بلوں سے متعلق آڈٹ رپورٹ پیش کی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ اضافی بلوں کے باعث دو ارب سے زائد کی وصولیاں کی گئیں۔ کابینہ نے رپورٹ کو مسترد کر دیا۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ رپورٹ کو ازسر نو تیار کیا جائے اور آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزارت پٹرولیم ، وزارت منصوبہ بندی اور وزارت ریلوے کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ کابینہ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی منظوری بھی دی۔ وزیراعظم نوازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دھرنوں نے ملکی معیشت کو شدید نقصان پہنچایا۔ حکومت معیشت کی بحالی کے لئے اقدامات کو جاری رکھے ھوئے ہے۔ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔