اسلام آباد اور راولپنڈی میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے پولیس،رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں نے فلیگ مارچ کیا

عاشورہ محرم پر جڑواں شہروں میں 10 ہزار سے زائد سیکیورٹی اہلکار تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پولیس کی مدد کے لیے رینجرز، ایف سی اور پولیس کمانڈوز تعینات کیے جائیں گے۔ راولپنڈی اور اسلام آباد کے داخلی و خارجی راستوں پر گاڑیوں کی چیکنگ سخت کر دی گئی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ 9 اور 10 محرم کو کسی بھی شخص کو شناختی کارڈ کے بغیر جلوس میں شامل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ جڑواں شہروں میں 9 اور 10 محرم کو موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہو گی جبکہ موبائل فون سروس بھی معطل رہے گی۔ اسلام آباد میں امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے فلیگ مارچ کیا گیا جس میں رینجرز ،پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں نے حصہ لیا۔ فلیگ مارچ کے دوران سیکیورٹی اداروں نے شہر بھر کا دورہ کر کے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ پولیس حکام کے مطابق فلیگ مارچ کا مقصد دہشت گرد اور جرائم پیشہ عناصر کو یہ باور کرانا ہے کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے پوری طرح تیار ہیں۔ دوسری جانب شہریوں کو بھی فلیگ مارچ سے تحفظ کا احساس ہوتا ہے کہ سیکیورٹی ادارے اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں