اٹلی: ایچ آئی وی وائرس کی منتقلی پر قید کی سزا
اٹلی کی ایک عدالت نے 30 سے زائد خواتین میں جان بوجھ کر ایڈز (ایچ آئی وی )کا وائرس منتقل کرنے کے جرم میں ویلنٹینو ٹیلوٹو نامی شخص کو 24 سال قید کی سزا سنائی ہے۔اطالوی ذرائع ابلاغ کے مطابق 33 سالہ ویلنٹینو ٹیلوٹو پر الزام تھا کہ اس نے کم از کم 53 خواتین سے تعلقات قائم کئے اور دانستہ طور پر ان میں ایچ آئی وی کا وائرس منتقل کیا۔ان خواتین میں ایک 14 سالہ لڑکی بھی شامل تھی۔ ان خواتین کی وجہ سے ایک بچے سمیت 4 مرد بھی اس وائرس سے بالواسطہ متاثر ہوئے۔ویلنٹینو کا کردار اس وقت سامنے آیا جب اس سے تعلق رکھنے والی چند خواتین میں ایچ آئی وی وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی۔دوسری جانب ایچ آئی وی کا وائرس کا شکار ہونے والی خواتین نے ویلنٹینو کی سزا کو ناکافی قرار دیا ہے۔ ان کا مطالبہ تھا کہ ویلینٹینو کو عمر قید کی سزا دی جائے۔