چودھری شوگر ملز کیس :مریم نواز کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ،کل سنایا جائے گا
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ اس موقع پر عدالت میں نیب کے وکیل نے مریم نواز کے وکلاء کے دلائل کے جوابات دیے ۔نیب کے وکیل نے مریم نواز کی انسانی بنیادوں پر درخواست ضمانت کی مخالفت کردی۔ ہائیکورٹ کا دورکنی بنچ فیصلہ کل سنائے گا۔ یاد رہے کہ لاہورہائیکورٹ میں دائر درخواست ضمانت میں مریم نواز نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ مرکزی درخواست ضمانت لاہور ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہے ، فیصلے تک فوری رہائی دی جائے۔ جبکہ اس سلسلے میں نیب نے مریم نواز کی درخواست پر تحریری جواب عدالت میں جمع کرادیا تھا اور عدالت نے نیب کے جواب کا جائزہ لینے کے لیے مریم نواز کے وکلاء کو مہلت دیتے ہوئےسماعت ملتوی کردی تھی ۔ یاد رہے کہ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر اپنے کزن یوسف عباس کے ہمراہ چودھری شوگر ملز ریفرنس میں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں جبکہ8 اگست کو نیب نے چودھری شوگر ملز کیس میں مریم نواز اوران کے کزن یوسف عباس کو گرفتار کیا تھا۔نیب نے انکشاف کیا کہ شریف فیملی نے چودھری شوگر ملز کو منی لانڈرنگ اور اپنے حصص کی غیر قانونی منتقلی کے لئے استعمال کیا تھا۔