عمران خان گلگت جلسے میں بڑے منصوبوں کا اعلان کریں گے، علی امین گنڈاپور
اسکردو: وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور نے کہا کہ عمران خان گلگت جلسے میں بڑے منصوبوں کا اعلان کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور نے چلاس میں عوام اور تحریک انصاف کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کشمیر کا مقدمہ بڑے موثر اندازمیں لڑ رہے ہیں، عمران خان نے دنیا کے سامنے اسلام کا سچا تشخص پیش کیا۔ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ عمران خان گلگت جلسے میں بڑے منصوبوں کا اعلان کریں گے انہوں نے عوام کو وزیراعظم عمران خان کے جلسے میں بھرپور شرکت کی دعوت دی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ مالی مسائل کے باوجود گلگت بلتستان کو بھرپور ترقیاتی فنڈز فراہم کیے، مسائل کو دیکھتے ہوئے جی بی اور آزاد کشمیرکو پورا بجٹ فراہم کیا۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ دیامیر بھاشا ڈیم علاقے کی ترقی کا سبب بنے گا، ڈیم متاثرین سے کیا گیا معاہدہ پورا کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسکولوں اور اسپتالوں میں سہولتوں کی کمی کوپورا کیا جائے گا، اسکردو میں 250 بیڈ کا اسپتال بنا رہے ہیں۔