ایک ہی اوور میں 4 چھکے لگانے والے پہلے پاکستانی, آصف علی نے صدیوں کا سفر لمحوں میں طے کر لیا , کئی ریکارڈ اپنے نام کر لیے
اسلام آباد(محمدرضوان ملک / نیوزرپورٹر)افغانستان کے خلاف سات گیندوں پر25 رنز بنا کر مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کرنے والے آصف علی نے صدیوں کا سفر لمحوں میں طے کر لیا ہے جہاں انہوں نے اس اننگز میں کئی ریکارڈ اپنے پائوں تلے روندے وہیں اس کارکردگی کی بدولت اس وقت وہ نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر کے شائقین کرکٹ کے ہیرو بن چکے ہیں۔انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف جس سفر کا آغاز کیا تھا افغانستان کے خلاف ان کا یہ سفر اپنے عروج پر پہنچ گیا۔دنیا بھر کے شائقین کرکٹ ، کھلاڑی ،شوبز سے تعلق رکھنے والی شخصیات حتیٰ کہ بھارتی میڈیا بھی آصف علی کے گن گھا رہا ہے۔ پاکستان کے سابق کپتان اور مایہ ناز بلے باز انضمام الحق نے کہا ہے کہ جس طرح آصف نے چا ر چھکے مارے اتنی جلدی چار چھکے تو لڈو میں بھی نہیں لگتے،سابق سٹار آل رائونڈر شاہد آفریدی نے آصف علی کو خود سے بہتر ہٹر قراردیا۔سابق انگلش کپتان مائیکل وان نے تو آسٹریلیا اور انگلینڈ کو پہلے ہی سے متنبہ کر دیا ہے کہ بچ کے رہیں اور کوشش کریں کہ سیمی فائنل میں انکا سامنا پاکستان سے نہ ہو۔ پاکستانی بلے باز آصف علی کی افغانستان کے خلاف میچ میں بہترین کارکردگی پر شوبز شخصیات نے ردعمل ظاہر کیا ہے۔ پاکستانی گلوکار علی ظفر نے کہا ہے کہ یہ کیسی خود اعتمادی ہے جس نے کھیل کا نقشہ ہی بدل کر رکھ دیا ہے۔ آخری چند گیندوں پر 4 چھکے مار کر فتح پاکستان کے نام کردی، آصف علی یو بیوٹی۔ پاکستان کی بہترین اداکارہ صبا قمر نے بھی افغانستان کے خلاف میچ میں آصف علی کی کارکردگی کو خوب سہراتے ہوئے ایک پیغام جاری کیا ہے۔اداکارہ صبا قمر نے کہا ہے کہ میچ دیکھا لیکن آصف علی آپ بہترین ہیں۔اپنے ایک اور پیغام میں اداکارہ نے پاکستانی ٹیم کو افغانستان کے خلاف میچ جیتنے پر مبارکباد بھی پیش کی ہے اور کہا ہے کہ یہ ہے میرا پاکستان۔آصف علی اپنی اس کارکردگی کے حوالے سے خود بھی بڑے پراعتماد تھے۔ خود آصف علی نے بھی میچ کے دوران شعیب ملک کو کہا تھا کہ میں ایک اور میںمیچ ختم کر دوں گا۔اس ریکارڈ ساز اننگ کے ساتھ ہی آصف علی بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ایک ہی اوور میں 4 چھکے لگانے والے پہلے پاکستانی بھی بن گئے ہیں۔ ان سے قبل کسی بھی پاکستانی بلے باز نے بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ایک اوور میں 4 چھکے نہیں لگائے تھے۔ علاوہ ازیں 7 گیندوں پر 25 رنز بنا کر آصف علی مین آف دی میچ رہے اور یہ کسی بھی بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی میچز میں سب سے کم گیندوں پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کرنے کا ریکارڈ بھی ہے۔ ان سے قبل بھارت کے دنیش کارتک2018 میں کولمبو میں ہونے والے نداہاس ٹرافی کے فائنل میں بنگلادیش کے خلاف 9 گیندیں پر 29 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو جیت دلوائی تھی اور مین آف دی میچ کے حقدار ٹھہرے تھے۔