کوئی سیاست نہیں، ملک کو حقیقی طور پر آزاد کرانے کا جہاد ہے، ان چوروں کو ہم پر مسلط کیا گیا ہے:عمران خان
ایمن آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ یہ کوئی سیاست نہیں، ملک کو حقیقی طور پر آزاد کرانے کا جہاد ہے، جب تک پاکستان رہے گا ہم قائد اعظم کا شکریہ ادا کرتے رہیں گے۔سابق وزیراعظم عمران خان نے لانگ مارچ کے شرکا سے ایمن آباد میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرا ایک ہی مقصد ہے کہ میری قوم حقیقی طورپر آزاد ہو، آزادی ملنے تک یہ مارچ رکنے والا نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ جیلوں میں صرف غریب لوگ قید ہیں، امیر چور بیرون ملک فرار ہو جاتے ہیں، قانون کی بالادستی نہیں ہوگی تو ملک کو نقصان پہنچے گا، اربوں روپے کے کرپشن کیس میں ملوث شخص کو وزیراعظم بنا دیا گیا، قتل کیس میں ملوث شخص کو وزیر داخلہ بنایا گیا ہے، ایمن آباد کے لوگوں کے ساتھ مل کر حقیقی آزادی حاصل کریں گے۔عمران خان نے کہا کہ نوازشریف کو دوسال کی تحقیقات کے بعد سزا ملی، یہ نہیں ہوسکتا کہ بڑا ڈاکو این آر او لے کر وزیراعظم بن جائے، قوم اس وقت آزاد ہوگی جب امیر و غریب کیلئے ایک قانون ہو گا، ان دونوں نے مل کر10 سال ملک کو لوٹا، آج ان چوروں کو پھر ہم پر مسلط کیا گیا ہے، یہ لوگ لوٹ مار کر کے باہر بھاگ جاتے ہیں۔