چین کے ساتھ سرمایہ کاری، تجارتی تعلقات میں وسعت کے خواہاں ہیں: وزیر اعظم شہباز شریف

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان ’پاک-چین آزاد تجارتی معاہدے‘ کے دوسرے مرحلے کا بہترین استعمال کرتے ہوئے چین کے ساتھ سرمایہ کاری اور تجارتی تعلقات کو وسعت دینا چاہتا ہے۔چینی اخبار ’گلوبل ٹائمز‘ میں شائع ہونے والے ایک آرٹیکل میں وزیر اعظم نے کہا کہ ’پاکستان، چین کے لیے بطور مینوفیکچرنگ بیس صنعت اور سپلائی چین نیٹ ورک میں توسیع کے سلسلے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے‘۔وزیر اعظم نے لکھا کہ وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد ایک ایسے وقت میں چین کے دورے پر ہوں گا جب چین کی کمیونسٹ پارٹی کی 20ویں قومی کانگریس کامیابی سے اختتام پذیر ہوئی، چین کی ترقی کے نئے دور کے آغازپر اپنے بھائی جنرل سیکریٹری شی جن پنگ اور کمیونسٹ پارٹی کو دلی مبارکباد پیش کرنا چاہتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ ابھرتے ہوئے عالمی منظر نامے کے درمیان پاکستان اور چین کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے، جغرافیاتی تقاضوں ،مشترکہ نکتہ نظر اور توسیع پذیر اقتصادی شراکت داری کے شدید احساس نے ہمیں فطری شراکت داربنا دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنے پڑوسی ممالک کے ساتھ باہمی احترام اور تعاون کے جذبے کی بنیاد پر دوستانہ تعلقات کے خواہاں ہیں، ہم اقوام متحدہ کے منشور اور قراردادوں کی بنیاد پر مسئلہ کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب تنازعات کا مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے پرامن حل چاہتے ہیں۔