وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کا دیوالی کے موقع پر پیغام

Oct 31, 2024 | 11:16

وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کا دیوالی کے موقع پر پیغام,وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں موجود ہندو برادری سے تعلق رکھنے والوں کو میری جانب سے دیوالی کی ڈھیروں خوشیاں مبارک. روشنیوں کا تہوار دیوالی، روشنی کی تاریکی اور امید کی مایوسی پر فتح کے جشن کی عکاسی کرتا ہے. دیوالی مناتے وقت آئیں ہم سب مل کر مستقبل کو مثبت سوچ اور اتحاد کے نظریے سے دیکھیں. پاکستانی ہونے کے ناطے ہم اپنے معاشرے میں تنوع پر فخر کرتے ہیں جو ہمارے قومی دھارے کو مزید مضبوط بناتا ہے اور ہماری مشترکہ ثقافت کو تقویت بخشتا ہے.  اس موقع پر، میں پاکستان میں متحرک ہندو برادری کی گرانقدر خدمات کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، جن کا ہمارے سماجی، اقتصادی اور سیاسی شعبوں میں کردار ہماری قوم کو مضبوط بنا رہا ہے۔  پاکستان میں عقائد کا تنوع ہمارے لوگوں کے درمیان لچک اور اتحاد کا حقیقی ذریعہ ہے۔  ہندو اور دیگر اقلیتی برادریوں سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں کو اپنے ملک کی ترقی کے لیے اپنے مسلمان بہن بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کام کرتے ہوئے دیکھ کر مجھے بے حد خوشی ہوتی ہے۔  بابائے قوم، قائداعظم محمد علی جناح نے ایک ایسے پاکستان کا تصور دیا تھا جہاں تمام برادریوں کو بلا تفریق مذہب، نسل یا ذات کے برابری اور آزادی حاصل ہو۔  حکومت ان اقدار کو برقرار رکھنے اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے کہ پاکستان میں ہر کمیونٹی کو ان کے عقائد سے قطع نظر مساوی حقوق اور یکسان ترقی کے مواقع حاصل ہوں۔ دعا ہے کہ روشنیوں کا یہ تہوار آپ کی زندگیوں میں امن اور خوشحالی لائے اور ہمارے ملک میں تمام مذاہب کے لوگوں کے درمیان اتحاد اور بھائی چارے کے مضبوط رشتوں کو پروان چڑھائے۔

دیوالی مبارک.

مزیدخبریں