اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف اور مجھ سمیت کوئی نہیں چاہتا غریب آدمی پردھیلے کا بھی بوجھ ڈالا جائے۔ ساری رات سوچ کر 2 روپے 7 پیسے پٹرول کی قیمت میں اضافہ مجبورا کرنا پڑا۔ 300 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے پر فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز ختم کرنے کا اعلان کرتا ہوں۔اقتدارسنبھالا تومشکلات کا اندازہ تھا، حکومت سنبھالے چارماہ کا عرصہ گزرچکا ہے،سرمنڈتے ہی اولے پڑے،دنیا میں اس وقت پٹرول کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی تھیں، دوسری طرف جانے والوں نے ہمارے لیے گڑھا کھود دیا تھا، گزشتہ نااہل، کرپٹ حکومت نے عام آدمی کی زندگی میں بہتری کے لیے رتی برابر کوشش نہیں کی تھی،جب ان کو چھٹی کا اندازہ ہوگیا تھا،کسی نے عمران نیازی کوپٹرول کی قیمتیں کم کرنے کا مشورہ دیا،عمران خان کے پاس دماغ تو ہے نہیں، انہوں نے وزیرخزانہ کو کہہ کر قیمتیں کرادیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے 20 ہزار ارب کے قرض لیے، گزشتہ حکومت نے عوام کو معاشی تباہی کے دہانے دھکیلا، آئی ایم ایف معاہدہ گزشتہ حکومت نے کیا جس کو انہوں نے پارہ پارہ کر دیا، ہم آئے توآئی ایم ایف کا معاہدہ رک چکا تھا، عالمی ادارے نے کہا معاہدے پرعمل کریں، گزشتہ حکومت میں کرپشن سرفہرست تھی۔شہباز شریف نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف دور میں چینی 52 روپے کلو تھی، پی ٹی آئی حکومت میں چینی100 روپے سے زائد فروخت ہوئی، چینی پرسبسڈی دینے کا کوئی جوازنہیں تھا، چینی میں سبسڈی کے نام پراربوں روپے ہڑپ کیے گئے،گزشتہ حکومت نے گندم پہلے ایکسپورٹ اور پھر مہنگی گندم امپورٹ کی۔
وزیراعظم شہباز شریف کا 300 یونٹ تک فیول ایڈجسٹمنٹ چارجزختم کرنے کا اعلان
Sep 01, 2022 | 18:16