وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے جنوبی پنجاب کی باہمت بیٹیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈی جی خان اور راجن پور کی بارڈر ملٹری پولیس میں 53 خواتین کی شمولیت ایک تاریخی لمحہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں کبھی خواتین کا نام لینا بھی محال تھا، آج وہاں جرات مند اور باوقار بیٹیاں وردی پہن کر محافظ کے فرائض انجام دینے کو تیار ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ "ایکس" (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری پیغام میں کہا کہ "بااختیار اور باوقار۔۔۔ جنوبی پنجاب"۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ جنوبی پنجاب کی یہ بیٹیاں وردی میں ملبوس ہو کر قوم کی خدمت کے لیے آگے آ رہی ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ یہ قابلِ فخر بیٹیاں نہ صرف اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں بلکہ فرسودہ روایات کی زنجیریں توڑ کر ایک نئے اور روشن راستے کی طرف بڑھ رہی ہیں۔