پاسداران انقلاب کے 2 ارکان ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق

Nov 04, 2024 | 16:10

عرب میڈیا کے مطابق جنوب مشرقی ایران میں ہیلی کاپٹرحادثے کے نتیجے میں پاسداران انقلاب کے 2 ارکان جان کی بازی ہار گئے۔ نیم سرکاری فارس نیوز ایجنسی کے مطابق برّی افواج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کی جانب سے یہ اطلاع دی گئی۔- واضح رہے کہ ایران کے سابق صدر ابراہیم رئیسی کی شہادت بھی ہیلی کاپٹر حادثے کے نتیجے میں ہوئی تھی، جس کی تحقیقات مکمل کرلی گئی ہیں۔ ایرانی میڈیا نے حادثے کی تحقیقات کی حتمی رپورٹ سے متعلق خبر سیکیورٹی ذرائع سے نشر کی۔ جس میں اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ ہیلی کاپٹر حادثہ خراب موسم کی وجہ سے ہواتھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر حادثے کی پہلی وجہ موسم کی صورتحال سازگار نہیں تھی جبکہ دوسری وجہ یہ تھی کہ ہیلی کاپٹر زائد وزن اٹھانے کی سکت نہیں رکھتا تھا اور ہیلی کاپٹر میں گنجائش سے زائد 2 افراد سوار تھے۔ یاد رہے حادثے سے قبل تین ہیلی کاپٹروں میں سے ایک میں موجود صدر رئیسی کے چیف آف اسٹاف غلام حسین اسماعیلی نے بتایا تھا کہ صدارتی ہیلی کاپٹر کا پائلٹ کانوائے کا انچارج تھا، ہیلی کاپٹروں نے پرواز کی تو موسم ٹھیک تھا لیکن پرواز کے پینتالیس منٹ بعد صدارتی پائلٹ نے کہا کہ بادل سے بچنے کے لیے پرواز اونچی کریں۔ ایرانی اہلکار کا کہنا تھا کہ تیس سیکنڈ بعد ہمارے پائلٹ نے نوٹ کیا کہ صدر کا ہیلی کاپٹر غائب ہوگیا ہے، جس پر ہمارے پائلٹ نے قریبی تانبے کی کان پر ہیلی کاپٹر اتارا۔ غلام حسین اسماعیلی نے بتایا تھا کہ صدر کے پائلٹ، وزیر خارجہ اور صدر کے محافظ کو فون کیا مگر جواب نہ ملا۔ 

مزیدخبریں