کراچی کے ساحل کے قریب ہوا کا کم دبائو جو آئندہ ہفتے تک سمندری طوفان لوبان میں تبدیل ہو سکتا ہے۔ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کراچی شاہد عباس نے اس حوالے سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ سمندری طوفان کی شدت کا اندازہ 8اکتوبر سے پہلے لگانا ممکن نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سمندری طوفان کا رخ کراچی کی جانب ہوا بھی تو اسے یہاں پہنچنے میں ہفتہ لگ جائیگا۔دوسری جانب کراچی میںہفتے سے شہرکا موسم شدید گرم ہونے کا امکان ہے، ڈائریکٹر محکمہ موسمیات شاہد عباس نے مزید بتایا کہ درجہ حرارت 38 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ ہفتے سمندری ہوائیں رخ تبدیل کرلیں گی، شمال مغرب سے گرم اور خشک ہوائیں موسم گرم کرنے کا سبب بنیں گی۔ڈائریکٹر محکمہ موسمیات شاہد عباس نے یہ بھی کہا کہ ہوا میں نمی کا تناسب اِن دنوں زائد ہے،نمی کا تناسب زائد ہونے سے تاروں کے جوڑ میں اسپارکس ہوجاتے ہیں، لہذا کے الیکٹرک کا بجلی کے بریک ڈائون کے بارے میں موقف درست ہے۔اس سے پہلے اسی طوفان کے حوالے سے محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر جنرل غلام رسول کی جانب سے یہ بیان آیا تھا کہ خلیج بنگال اور بحیرہ عرب میں ہوا کا کم دبائو بن رہا ہے جو سمندری طوفان میں تبدیل ہوسکتا ہے تاہم ابھی اس کے رخ کا اندازہ نہیں لگایا جاسکتاہے۔ڈی جی محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا کا کم دبائو ابتدائی مراحل میں ہے، سمندری طوفان بننے کی صورت میں اس کا رخ کہاں ہوگا یہ کہنا قبل از وقت ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر سمندری طوفان بنتا ہے تو اسے لوبان کا نام دیا جائے گا، محکمہ موسمیات تمام تر صورت حال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔
کراچی: آئندہ ہفتے سمندری طوفان لوبان آنے کا امکان
Oct 05, 2018 | 16:40