عرب امارات کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان پاکستان کا دورہ مکمل کر کے واپس روانہ ہو گئے۔ وفاقی وزراء اور اعلیٰ حکام نے ولی عہد کو الوداع کیا۔ یاد رہے کہ پاکستان اور امارات کی قیادت میں تین ماہ میں ہونے والا یہ تیسرا اعلیٰ سطح کا رابطہ ہے۔متحدہ عرب امارات کے ولی عہد کے مختصر دورے کے دوران وزیراعظم عمران خان اور شیخ محمد بن زید النہیان کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان اور شیخ محمد کی سربراہی میں یو اے ای اور پاکستان کے درمیان وفد کی سطح پر مذاکرات بھی ہوئے۔شیخ محمد بن زید النہیان نورخان ائیر بیس سے واپس روانہ ہوئے جہاں وفاقی وزرا اور اعلی حکام نے انہیں الوداع کیا جب کہ معزز مہمان کو پرنسپل انفارمیشن افسر میاں جہانگیرنے دوریکا البم بھی پیش کیا۔اس سے قبل شیخ محمد بن زید النہیان کے طیارے نے نور خان ائیربیس پر لینڈ کیا جہاں معزز مہمان کا ریڈ کارپٹ استقبال کیا گیا اور استقبال کرنے وزیراعظم عمران خان خود ائیرپورٹ پر موجود تھے، انہوں نے مہمان کو خوش آمدید کہا جب کہ اس موقع پر دیگر اعلی حکام بھی ائیرپورٹ پر موجود تھے۔
وزیراعظم عمران خان نور خان ائیربیس سے مہمان کو لے کر روانہ ہوئے اور مہمان کو وزیراعظم ہاس لے جانے کے لیے گاڑی میں خود ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھے اور گاڑی چلاکر وزیراعظم ہاس پہنچے۔وزیراعظم ہاس پہنچنے پر معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، پہلے متحدہ عرب امارات پھر پاکستانی قومی ترانے دھنیں بجائی گئیں جب کہ معزز مہمان کو فوج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی اور ولی عہد نے گارڈ آف آنر کا معائنہ بھی کیا۔اس موقع پر پاک فضائیہ کے دستے نے بھی معزز مہمان کو سلامی دی۔
وزیراعظم عمران خان نے مہمان کا کابینہ ارکان اور دیگر سے تعارف کرایا جب کہ ولی عہد متحدہ عرب امارات نے بھی اپنے وفد کے ارکان سے وزیراعظم کا تعارف کرایا۔متحدہ عرب امارات کے ولی عہد کی پاکستان آمد کے موقع پر اسلام آباد کو پاکستانی اور یو اے ای کے پرچموں سے سجایا گیا۔متحدہ عرب امارات کے ولی عہد کا یہ 12 سال بعد پاکستان کا دورہ تھا اور تحریک انصاف کی حکومت میں پاکستان اور امارات کی اعلی قیادت کے درمیان 3 ماہ میں ہونے والی یہ تیسری ملاقات ہے۔
پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان وفود کی سطح پر بات چیت اتوار کے روز وزیراعظم ہائوس اسلام آباد میں ہوئی۔پاکستانی وفد کی قیادت وزیراعظم عمران خان جبکہ متحدہ عرب امارات کے وفد کی قیادت ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان نے کی۔پاکستانی وفد میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر اطلاعات فواد چودھری، امور داخلہ کے وزیر مملکت شہریار خان آفریدی اور سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ شامل تھیں۔فریقین نے دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی اور علاقائی اور عالمی سطح کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
وفود کی سطح پر بات چیت سے پہلے وزیراعظم عمران خان اور ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان کے درمیان معاونین کے بغیر ملاقات بھی ہوئی۔ دوسری جانب اماراتی ولی عہد کے دورے کے بعد سرکاری ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ یو اے ای 3 بلین ڈالر پہلے اعلان کرچکا ہے، آج آئل ریفائنریز پر بات فائنل ہوئی ہے اور باقی معاملات پر بھی بات چیت فائنل ہوگئی ہے۔