اسرائیل کا فلسطینوں پر ایک اور وار، سکیورٹی کابینہ نے غزہ پر مکمل قبضے کی منظوری دے دی۔

Aug 08, 2025 | 16:59

 اسرائیل کی سکیورٹی کابینہ نے وزیر اعظم نیتن یاہو کی تجویز پر فلسطین کے شمال میں واقع غزہ شہر کے مکمل قبضے کی منظوری دے دی۔  رپورٹ کے مطابق نیتن یاہو کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اسرائیلی فوج غزہ شہر کے علاقوں سے باہر شہری آبادی کو انسانی امداد فراہم کرتے ہوئے قبضے کی تیاری کرے گی۔ اسرائیلی حکومت کے دو ذرائع نے خبر رساں ادارے  کو بتایا کہ سکیورٹی کابینہ کی کسی بھی قرارداد کو اب مکمل حکومتی کابینہ سے منظوری درکار ہوگی۔ غزہ شہر پر قبضہ اسرائیل کی طرف سے فلسطینی سرزمین پر اپنی جنگ میں ایک بڑے اضافے کی نشاندہی ہے اور ممکنہ طور پر دسیوں ہزار بھوک سے نڈھال فلسطینیوں کو جبری بے گھر ہونا پڑے گا جو قحط کے حالات کا سامنا کر رہے ہیں۔ Axios نیوز کے صحافی بارک راوید نے ایک اسرائیلی اہلکار کے حوالے سے بتایا کہ اس آپریشن میں 7 اکتوبر تک غزہ شہر سے مرکزی کیمپوں اور دیگر علاقوں میں تمام فلسطینی شہریوں کی جبری نقل مکانی شامل ہوگی۔ اسرائیلی حکام نے بتایا کہ غزہ شہر فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے مزاحمت کاروں کا محاصرہ کیا جائے گا اور زمینی کارروائی بھی کی جائے گی۔ گزشتہ روز سکیورٹی کابینہ کے اجلاس سے قبل وزیر اعظم نیتن یاہو نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ اسرائیل غزہ کا کنٹرول سنبھال لے گا۔

مزیدخبریں