معرکہ حق کے بعد فضائی حدود کی بندش سے پاکستان کو 4 ارب ، 10 کروڑ روپے کا خسارہ ہوا۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے معرکہ حق کے بعد بھارت کیلئے فضائی حدود کی بندش سے ہونے والے نقصان کی تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کر دیں۔ خواجہ آصف نے قومی اسمبلی کو تحریری جواب میں بتایا کہ فضائی حدود کی بندش سے پی اے اے کو 4 ارب ، 10 کروڑ روپے کا خسارہ ہوا، پاکستان کی فضائی حدود 24 اپریل سے 30 جون تک بند رہی، بھارتی طیاروں کیلئے فضائی حدود سے گزرنے کی اجازت واپس لے لی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فضائی حدود کی بندش سے یومیہ 100 سے 150 بھارتی طیارے متاثر ہوئے، فضائی ٹریفک میں تقریبا 20 فیصد کی کمی ہوئی ، 2019 میں بھی فضا حدود کی بندش سے پی آئی اے کو خسارے کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پی اے اے کو اوور فلائنگ آمدن کی مد میں تقریبا 7 ارب سے زائد روپے کا خسارہ ہوا، حالیہ کشیدگی کے باعث فضائی حدود کی بندش سے مالی نقصان برداشت کرنا پڑا۔ تحریری جواب میں بتایا گیا کہ قومی خود مختاری اور دفاع کو معاشی مفاد پر مقدم تصور کیا جاتا ہے، وطن عزیز کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے، قومی خود مختاری اور سلامتی کے دفاع کا معاملہ ہو تو کوئی قیمت زیادہ نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی طیاروں کے سوا فضائی حدود تمام ائیر لائنز کیلئے کھلی ہیں ، پاکستانی ایئر لائنز اور طیاروں پر بھی بھارتی فضائی حدود میں پرواز پر پابندی ہے ، عارضی تعطل کے باوجود پی آئی اے نے مالیاتی استحکام کا مظاہرہ کیا۔
فضائی حدود کی بندش سے پاکستان کو بھی 4 ارب ، 10 کروڑ روپے کا خسارہ
Aug 08, 2025 | 17:24