پاکستان کی جانب سے رافیل طیارہ گرانے کی فرانسیسی حکام کی تصدیق ، دنیا میں جدید ترین رافیل جنگی طیارہ گرانے کا یہ پہلا واقعہ ہے۔ فرانسیسی انٹیلی جنس اہلکار نے پاکستان کی جانب سے بھارت کے جوابی حملے میں جدید ترین رافیل طیارہ مار گرانے کی تصدیق کر دی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کو بتاتے ہوئے فرانسیسی انٹیلی جنس اہلکار نے نہ صرف پاکستان کی جانب سے رافیل طیارہ مار گرانے کی تصدیق کی بلکہ اس بات کا اعتراف بھی کیا کہ اس جدید ترین جنگی طیارے کو مار گرانے کا یہ پہلا واقعہ ہے۔ تاہم رافیل بنانے والی فرانسیسی کمپنی ڈسالٹ ایوی ایشن نے میڈیا کو اس حوالے سے جواب دینے سے گریز کیا ہے۔ واضح رہے کہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب بھارت نے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستان پر حملہ کیا اور شہری آبادیوں کو نشانہ بناتے ہوئے 26 پاکستانیوں کو شہید کیا جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔ پاکستان فوج نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا اور اپنےدفاع میں دشمن کے 5 طیارے، ایک ڈرون مارگرایا، 3 رافیل، ایک مگ 29 اور ایک ایس یو طیارے کو مار گرایا۔ تاہم بھارتی حملے میں پاک فضائیہ کے تمام طیارے اور اثاثے محفوظ ہیں۔ دوسری جانب پاکستان کی جانب سے رافیل طیارہ گرائے جانے کے بعد یہ طیارہ بنانے والی فرانسیسی کمپنی کے عالمی مارکیٹ میں شیئرز گر گئے جبکہ جے ایف 17 تھنڈر طیارہ ساز چینی کمپنی کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا۔
پاک ایئرفورس کی تباہ کن کاروائی، فرانسیسی حکام کا رافیل طیارے تباہ ہونے کا اعتراف، بھارت پھر ناکام
May 08, 2025 | 10:13